مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اس کے
صارفین کی تعداد تقریباً 2 ارب ہو چکی ہے یعنی اس وقت دنیا میں ہر تیسرا
فرد کسی نہ کسی صورت میں فیس بُک استعمال کر رہا ہے۔اس وقت فیس بُک پر بنائے گئے اکاؤنٹس کی تعداد ایک ارب 94 کروڑ کا ہندسہ
عبور کر چکی ہے جب کہ ان میں سے ایک ارب 30 کروڑ صارفین وہ ہیں جو ہر روز
کم از کم ایک مرتبہ فیس بُک ضرور استعمال کرتے ہیں۔2017 کی پہلی سہ ماہی میں فیس بُک نے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر (312 ارب
پاکستانی روپے) منافع کمایا جو پچھلے سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 76
فیصد زیادہ بتایا جاتا ہے لیکن اشتہارات کی مد میں اس کی آمدنی کم ہوئی
ہے۔اگرچہ فیس بُک گزشتہ کئی ماہ سے نفرت پر مبنی
اظہارِ خیال کو فروغ دینے،
سیاسی جانب داری برتنے، قتل اور خود کشی جیسے واقعات (فیس بُک لائیو کے
ذریعے) براہِ راست نشر کرنے، تشدد کو فروغ دینے اور مایوسی کے شکار
نوجوانوں سے غلط طور پر فائدہ اٹھانے کے الزامات کی زد میں رہی ہے لیکن پھر
بھی اس کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے اور یہ سلسلہ اب تک جاری
ہے۔گزشتہ روز فیس بُک کے بانی مارک زکربرگ نے اعلان کیا کہ وہ اس مقبول ترین
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نفرت انگیز اور تعصب پر مبنی اظہارِ خیال کا راستہ
روکنے کے لیے 3 ہزار افراد کو ملازمت دیں گے تاکہ ایسے کسی بھی مواد پر
بروقت اور درست طور پر نظر رکھی جا سکے کیونکہ ابھی یہ کام درست طور پر
انجام دینا کسی بھی خودکار سافٹ ویئر کےلیے بہت مشکل ہے۔